سورۂ کوثر کے ساتھ مناسبت:
سورۂ کافرون کی اپنے سے ما قبل سورت ’’کوثر ‘‘ کے ساتھ مناسبت یہ ہے کہ سورۂ کوثر میں حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت کرتے رہنے کا حکم دیاگیا اور سورۂ کافرون میں یہ حکم دیا گیا کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کافروں کو مُخاطَب کر کے یہ اعلان فرما دیں کہ میں صرف اپنے رب تعالیٰ کی عبادت کرتا رہوں گا اور جن بتوں کی تم پوجا کرتے ہو میں ان کی(کبھی بھی) پوجا نہیں کروں گا۔ (تناسق الدرر، سورۃ الکافرون، ص۱۴۵)
سورۂ کافرون کا تعارف
مقامِ نزول:
سورۂ کافرون مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ قل یا أیّہا الکافرون، ۴ / ۴۱۷)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس سورت میں 1رکوع اور6 آیتیں ہیں ۔
’’کافرون ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
اس سورت کی پہلی آیت میں یہ لفظ موجود ہے اس مناسبت سے اسے ’’سورۂ کافرون‘‘ کہتے ہیں ۔
سورۂ کافرون کے فضائل:
(1) …حضرت فروہ بن نوفَل رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے،حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے حضرت نوفَل رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے ارشاد فرمایا: ’’تم ’’قُلْ یٰۤاَیُّهَا الْكٰفِرُوْنَ‘‘ پڑھ کر سویا کرو کیونکہ یہ سورت شرک سے بَری کرتی ہے۔( ابو داؤد، کتاب الادب، ابواب النّوم، باب ما یقال عند النّوم، ۴ / ۴۰۷، الحدیث: ۵۰۵۵)
(2) …حضرت سعد بن ابی وقاص رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جس نے سورت ’’قُلْ یٰۤاَیُّهَا الْكٰفِرُوْنَ‘‘ پڑھی تو گویا کہ اس نے قرآنِ مجید کے چوتھائی حصے کی تلاوت کی۔( معجم صغیر، باب الالف، من اسمہ: احمد، ص۶۱، الجزء الاول)
سورۂ کافرون کے مضامین:
اس سورۂ مبارکہ میں مشرکوں کے عمل سے بیزاری کا اظہار کیا گیا ہے اورکافروں کی اس امید کو ختم کر دیا گیا ہے کہ مسلمان اپنے دین اور اللّٰہ تعالیٰ کی عبادت کے معاملے میں کبھی ان سے سمجھوتہ کریں گے۔