سورۂ نازعات کے ساتھ مناسبت:
سورۂ عبس کی اپنے سے ما قبل سورت’’نازعات‘‘ کے ساتھ مناسبت یہ ہے کہ سورۂ نازعات میں بتایاگیا کہ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی ذمہ داری اللّٰہ تعالیٰ کی نافرمانی کرنے پر اس کے عذاب سے ڈرانا ہے اور اس سورت میں بتایاگیا کہ حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کے ڈر سنانے سے کون لوگ نصیحت حاصل کرتے ہیں ۔
سورۂ عبس کا تعارف
مقامِ نزول:
سورۂ عبس مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ عبس، ۴ / ۳۵۲)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس سورت میں 1رکوع اور 42آیتیں ہیں ۔
’’ عبس ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
عبس کا معنی ہے تیوری چڑھانا اور اس سورت کی پہلی آیت میں یہ لفظ موجود ہے اس مناسبت سے اسے ’’سورۂ عبس‘‘ کہتے ہیں ۔
سورۂ عبس کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیّت،حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی رسالت کے بارے میں بیان کیا گیا اور اَخلاقیات کی اعلیٰ تعلیم دی گئی ہے کہ لوگوں کے درمیان ان کے بنیادی حقوق میں مساوات رکھی جائے اور اس سورت میں یہ مضامین بیان ہوئے ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتدائی آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی عظمت و شان ظاہر فرمائی اور ان کے ایک عاشق حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کاواقعہ بیان فرمایا۔
(2)…یہ بتایا گیا کہ قرآنِ مجید کی آیات تمام مخلوق کے لئے نصیحت ہیں اور جو چاہے ان سے نصیحت حاصل کرے اور جو چاہے ان سے اِعراض کرے۔ نیز ان آیات کی عظمت و شان بیان کی گئی۔
(3)…اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں کی ناشکری کرنے پر کفار کی سرزنش کی گئی اور اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیّت و قدرت کے دلائل بیان کئے گئے۔
(4)… اس سورت کے آخر میں قیامت کے دہشت ناک مَناظِر بیان فرمائے گئے نیز نیک مسلمانوں کا ثواب اور کافروں ،فاجروں کا عذاب بیان کیا گیا۔